وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے استعفیٰ دیدیا

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں جس کا اعلان انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں شہزاد اکبر نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے وزیراعظم کی قیادت میں احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میں نے بطور مشیر برائے احتساب استعفیٰ دیا ہے تاہم میں پارٹی کیساتھ منسلک رہوں گا اور قانونی خدمات فراہم کرتا رہوں گا۔ 

واضح رہے کہ شہزاد اکبر نے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے جبکہ مشیر برائے داخلہ کے حوالے سے صورتحال ابھی واضح نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 18 جنوری کو کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں شیخ رشید نے نواز شریف کی واپسی سے متعلق سوال اٹھایا تھا جس پر شہزاد اکبر نے نواز شریف کی واپسی کو مشکل قرار دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان بھی شہزاد اکبر کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے اور انہیں دو ہفتے پہلے ہی استعفیٰ دینے کا اشارہ دیا گیا تھا۔

Adviser to the Prime MinisterDaily NaibaatDaily Naibaat newspaperImran KhanresignedShehzad Akbar