کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے میچز کے دوران سٹیڈیم آنے والے تماشائیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مختلف پوائنٹس مختص کر دئیے گئے ہیں جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے انہیں سٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے ترجمان کے مطابق تماشائیوں کیلئے گلشن اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر بیت المکرم مسجد کے قریب حکیم سعید گراؤنڈ کو پارکنگ کیلئے مختص کیا گیا ہے جبکہ نیشنل کوچنگ سینٹر سے ملحقہ چائنہ گراؤنڈ صرف وی آئی پی ویزیٹرز کی گاڑیوں کھڑی کرنے کیلئے مختص ہوگا۔
اس ضمن میں جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ سٹیڈیم کے اندر سی این جی سلنڈر نصب گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی ہے جبکہ تماشائیوں کو اپنی شناخت ثابت کرنے کیلئے قومی شناختی کارڈ ہمراہ لازمی رکھنا ہو گا، انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ لمبی قطاروں میں انتظار سے بچنے کیلئے سٹیڈیم میں وقت سے پہلے پہنچیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے کورونا ویکسی نیشن لازمی ہے اور تماشائیوں کو سٹیڈیم کے داخلی راستوں پر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہو گا جبکہ ماسک پہننا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تماشائیوں کو گراؤنڈ، فنکاروں ، کھلاڑیوں اور ساتھی تماشائیوں پر کسی قسم کی چیز پھینکنے کی اجازت نہیں ہے۔