پی سی بی نے پی ایس ایل 7 کیلئے پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان کر دیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان کردیا ہے جن کے مطابق کسی ٹیم کے کم از کم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے کی جانے والی ترامیم کے مطابق کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ ٹیم ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت سے ریزرو پول میں موجود کسی بھی کھلاڑی کو بطور متبادل اپنے سکواڈ میں شامل کرسکتی ہے جبکہ کسی ٹیم کے کم از کم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔
پی سی بی کے مطابق ایک ایمرجنگ کرکٹر سمیت پلیئنگ الیون میں کم از کم 7 اور زیادہ سے زیادہ 8 مقامی کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں لیکن اگر کسی ٹیم کے کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہو جاتے ہیں تو اس صورت میں 11 کے 11 مقامی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میدان میں اتارنے کی اجازت بھی ہو گی۔ 
پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ پلیئنگ کنڈیشنز میں مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر باﺅلنگ سائیڈ کیلئے سزا کا تعین بھی کیا گیا ہے۔ فیلڈنگ لائیڈ کو ہر صورت اننگز کے 19 اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرنا ہوں گے، بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کیلئے 30 یارڈ کے سرکل کے باہر ایک فیلڈر کم کھڑا کرنے کی شرط بطور ’سزا‘ لاگو ہو گی۔ 
پی سی بی نے لیگ کے فائنل میچ کیلئے ایک اضافی دن بھی رکھا ہے لیکن کسی بھی وجہ سے اگر اس روز بھی میچ مکمل نہ ہو سکا تو 30 لیگ میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اوپر رہنے والی ٹیم کو چیمپین قرار دیدیا جائے گا۔ 

Daily NaibaatDaily Naibaat newspaperPakistan Cricket BoardPakistan super LeaguePCBPlaying ConditionsPSL 7