کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے آج کا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا ہے اور کل سے پریکٹس کا آغاز کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں شامل ٹیموں نے 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والی پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ نے آج کا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ترجمان نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ مکمل سکواڈ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پریکٹس سیشن منسوخ کیا گیا ہے تاہم کل سے پریکٹس کا آغاز کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کیلئے ٹیمیں آج سے کراچی میں پریکٹس کررہی ہیں۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی ابتدائی اوقات میں پریکٹس کریں گے جبکہ لاہور قلندرز کا شام ساڑھے 7 بجے پریکٹس سیشن شیڈول ہے۔
اس کے علاوہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں معین خان اکیڈمی میں پریکٹس کریں گی۔ پی ایس ایل کی کسی بھی فرنچائزز کو 20 جنوری کے بعد جوائن کرنے والے کھلاڑی 3 روزہ قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد ٹریننگ کر سکیں گے۔