کورونا کا پھیلاؤ مزید بڑھا تو پی ایس ایل 7 مؤخر ہونے کا خدشہ

لاہور: ملک بھر میں  کورونا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، تاہم کیسز میں مزید اضافے کی صورت میں پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل 7)کے ساتویں سیزن  کے مؤخر ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے  کہ  کورونا کا پھیلاؤ زیادہ ہو گیا تو  پاکستان سپر لیگ 7 کو مؤخر کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ایک   تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل 7 کا انعقاد ہو مگر کورونا  تیزی سے پھیل رہا ہے ، اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہم نے ہر ممکن کوشش کی ہے ، تاہم اس کے باوجود اگر  کورونا کا پھیلاؤ نہ تھم سکا تو  پلان کے تحت لیگ کو مؤخر کرتے ہوئے  ایک ہفتے کے وقفہ کے بعد دوبارہ ایونٹ کا انعقاد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

 

سلمان نصیر نے کہا کہ پر امید ہیں کہ جمعرات سے ٹورنامنٹ  شیڈول  کے مطابق شروع ہو، تقریب کے آغاز میں محدود تقریب کا بھی انعقاد ہو گا جس میں  گلوکار عاطف اسلم کی پرفارمنس بھی شامل ہے۔

سلمان نصیر نےبتایا  کہ کراچی میں پری ٹیسٹنگ میں دو کھلاڑیوں اور دو ٹیم آفیشلز  کے کورونا ٹیسٹ مثبت نکلے ہیں جبکہ ہوٹل سٹاف میں  بھی 40 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے  جس کے بعد عملے کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔

 

coronavirusNCOCPakistanPCBPSL