لندن: سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و سینیٹر چوہدری جعفر اقبال کی اپنی اہلیہ رکن صوبائی اسمبلی محترمہ عشرت اشرف کے ہمراہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے لندن میں تفصیلی ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات میں سابق وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار بھی موجود تھے ملاقات میں قومی سیاسی امورپرتبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں سینیٹرچوہدری جعفراقبال نے ملکی سیاسی حالات سمیت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے مارچ میں لانگ مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر چوہدری جعفر اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی کے باعث سینیٹ آف پاکستان اور قومی اسمبلی جیسے مقدس ایوان میں حکومت یکطرفہ پالیساں بنا رہے ہیں اور ایسی، ایسی قانون سازی کر رہے ہیں جن میں عوامی مفاد کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ گذشتہ چار سالوں میں پارلیمان میں ہونے والی تمام نوعیت کی قانون سازی میں اپوزیشن کی تمام ترامیم کو مسترد کر دیا گیا جن میں اہم ترین ترامیم شامل تھیں۔ اسی طرح ضمنی بجٹ میں سٹیٹ بینک کو آئی ایم اے کے حوالے سے کر دیا گیا، اب سٹیٹ بینک کو عالمی ادارے آپریٹ کریںگے ۔
سینیٹر جعفر اقبال کا کہنا تھا کہ چار سالوں سے مسلم لیگ ن سمیت دیگر اپوزیشن کی جماعتوں کے لیڈر شپ کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کی واضح مثال ایک منتخب وزیراعظم کو سیاسی منظر نامہ سے ہٹانے کی مذموم کوشش کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ عوام حکومتی پالیسیوں سے شدید تنگ ہیں اور وہ آپ جیسے عوامی لیڈر کی راہ تک رہے ہیں ۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملاقات کیلئے آنے پر سینیٹر چوہدر ی جعفر اقبال اور محترمہ عشرت اشرف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب عوام کی حکمرانی ہو گی۔