وزیراعظم کا پنجاب کے 5 شہروں میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم نے پنجاب کے 5 شہروں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

 

وزیراعظم کی زیرصدارت شہروں کی ماسٹر پلاننگ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے 5 شہروں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور، راولپنڈی ،فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز جاری ہوں گے۔ وزیراعظم نے پارٹی سے پانچوں شہروں کے ممکنہ میئرز کی تفصیلات طلب کر لیں۔

 

پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات 15 مئی سے شروع ہو رہے ہیں جن کا سلسلہ مئی سے جون تک جاری رہے گا۔ پی ٹی آئی مربوط پلان سے بلدیاتی انتخابات میں اترے گی اور پنجاب حکومت 5 شہروں کی ماسٹر پلاننگ کی منصوبہ بندی کرے گی اور وفاقی حکومت فنڈز کے اجراء میں پنجاب حکومت سے تعاون کرے گی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ہم بڑے شہروں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، بڑے شہرقومی معیشت کی ترقی کے حقیقی انجن ہیں، دیہی سے شہری علاقوں کی نقل مکانی کی وجہ سے شہروں کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، بڑے شہروں میں رہائش، ملازمت کے مواقع اور شہری سہولیات کی کمی ہے، ان کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکجز پر کام کو تیز کیا جائے اور مختلف ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔

 

Imran KhanLahorePakistanPMPTIPunjab