لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہو گیا ہے اور اب لاہور کی بائیو مکینک لیب میں ان کا ٹیسٹ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق محمد حسنین نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے رواں سیزن میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کی اور سڈنی سکسرز کے خلاف میچ کھیلتے ہوئے ان کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوا جس کے بعد آسٹریلیا میں ہی ان کا ٹیسٹ ہونا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سڈنی سکسرز کے کپتان موئسس ہینرکس بیٹنگ کر رہے تھے جنہیں محمد حسنین نے باؤنسر کروایا مگر وہ اسے کھیلنے میں ناکام رہے جس کے بعد دونوں کے درمیان الفاظ کا تبادلہ بھی ہوا اور سڈنی سکسرز کے کپتان نے کہا ’بہت اچھی تھرو کی۔‘
آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر کسی باؤلر کا بازو 15 ڈگری سے زیادہ خم کھائے تو اس کا باؤلنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے اور اگر کسی باؤلر کا ایکشن غیر قانونی ثابت ہو جائے تو اسے درست کرنے تک باؤلنگ سے روک دیا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حسنین کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد 19 جنوری کو آسٹریلیا میں ان کا ٹیسٹ ہونا تھا مگر اس سے قبل ہی وہ وطن واپس آ گئے اور اب لاہور میں موجود آئی سی سی سے منظور شدہ بائیو مکینک لیب میں ٹیسٹ ہو گا۔