لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز رواں مہینے 27 تاریخ سے ہو رہا ہے جس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مداحوں کیلئے زبردست اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کیلئے ہمارے ہیروز کی نامزدگیاں کرکٹ مداح کریں گے اور اس مقصد کیلئے آن لائن فارم پی ایس ایل کی آفیشل ویب سائٹ پر فراہم کر دیا گیا ہے۔ شائقین کرکٹ اپنی پسندیدہ شخصیت کے کوائف 23 جنوری تک جمع کرواسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایڈیشن کی طرح ساتویں ایڈیشن میں بھی مجموعی طور پر 34 شخصیات کو ’ہمارے ہیروز‘ کے ایوارڈز سے نوازا جائے گا جبکہ کرکٹ شائقین کی جانب سے جمع کروائے گئے ان امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری پی سی بی کا گورننگ بورڈ دے گا۔
پی سی بی کے اعلان کے مطابق شائقین کرکٹ کو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اپنی پسندیدہ شخصیات کو چننے کا موقع ملے گا، جن میں کھیل، تعلیم، صحت، آرٹ، ثقافت، سماجی کام اور ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والی قومی شخصیات شامل ہوں گی، شائقین کرکٹ چاہیں تو ایک سے زائد کیٹیگریز میں بھی ’ہمارے ہیروز‘ کو نامزد کر سکتے ہیں۔