پریانتھا کمارا قتل کیس، عدالت نے 79 ملزمان کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا

گوجرانوالہ: انسداد دہشت گردی عدالت نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس میں 79 ملزمان کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس کی گوجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی جس دوران پولیس نے عدالت میں ملزموں کو پیش کیا۔ ذرائع کے مطابق عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کئے گئے 79 ملزمان کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ میں قتل ہونیوالے پریانتھا کمارا قتل کیس میں 85 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر تھے جن میں سے 7 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا ہے اور مقدمے میں ایک نئے ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جبکہ آج پہلے سے جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں موجود 78 اور ایک نئے گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عدالت نے پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیدیا اور ملزموں کو 31 جنوری کو دوبارہ گوجرانوالہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ 

14 days RemandAccusedDaily NaibaatDaily Naibaat newspapermurder casePriyantha Kumara