اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 2 تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس پر محکمہ صحت نے متعلقہ کالجز کو فوری بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کی جانب سے انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ماڈل گرلز کالج ایف 6 ٹو میں کورونا کے 3 کیس رپورٹ ہوئے اور 3 کیس ماڈل کالج فارگرلز جی 6 ون فور میں بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ کالجوں کو آئندہ احکامات تک فوری بند کرتے ہوئے کالج سٹاف اور رابطے میں رہنے والے طلبہ کے فوری طور پر ٹیسٹ کروائے جائیں۔
دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 27 کیسز سامنے آئے ہیں اور مزید 9 مریض اس موذی وباءکے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔