حکومت شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت نہیں دے گی، شہزاد اکبر

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ حکومت شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت نہیں دے گی۔

 

وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف ملک سے باہر جانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اب انہیں باہر جانے کی اجازت نہیں ملے گی بلکہ ہو سکتا ہے کہ عدالت شہباز شریف سے نواز شریف کو واپس لانے کا حکم دے۔

 

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف وہاں سارا دن ملک دشمن عناصر سے ملاقات کرتے رہتے ہیں۔ نواز شریف نے لندن میں خود کو پاکستانی ہائی کمشنر کے حوالے کرنا ہے اور ہم نواز شریف کو ایمرجنسی ٹریول ڈاکیومنٹ دے کر پاکستان لائیں گے۔

 

شہزاد اکبر نے کہا کہ جن کے آدھے خاندان بھگوڑے ہوں انہیں کیسے باہر جانے دیا جاسکتا ہے۔ نواز شریف نے اپنے ڈاکٹر کے لیٹر کے سوا کوئی دستاویزات جمع نہیں کرائیں۔  شہباز شریف خود رمضان شوگر ملز کے مالک تھے۔ اب شہباز شریف اور نواز شریف کے لیے بہت مشکل ہو گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کہا بینکنگ کورٹ کا اختیار نہیں ہے اور شہباز شریف نے جتنی درخواستیں دیں وہ سب ہی مسترد ہو گئیں۔ بینکرز کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور بینکنگ کورٹ نے ایف آئی اے کی درخواست قبول کر لی ہے۔

 

شہزاد اکبر نے کہا کہ بینکرز کے رول پر آج عدالت میں رپورٹ جمع کرائی گئی ہے لیکن شہباز شریف بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں پیش نہیں ہوئے وہاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس تھا۔

 

انہوں نے کہا کہ رمضان شوگر مل آپ کے بچوں کی نہیں آپ کی بنائی ہوئی ہے اور ہم متعدد بار عرض کر چکے ہیں کہ آپ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

 

PakistanPMLNShahbaz SharifShahzad akber