بھنوکا راجہ پاکسا نے ریٹائرمنٹ واپس لے لی

کولمبو: سری لنکن کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑی بھنوکا راجہ پاکسا نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا ہے اور وہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق راجہ پاکسا نے 3 جنوری کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا لیکن اب انہوں نے وزیر کھیل سے ملاقات کے بعد ریٹائرمنٹ واپس لی ہے۔ راجہ پاکسا نے خاندانی ذمہ داریوں کو جواز بنا کر فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ 
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) کی جانب سے فٹنس کا نیا معیار متعارف کرائے جانے پر بھنوکا راجہ پاکسا نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی اور کرکٹ ایڈمنسٹریشن کو لکھے گئے خط میں بھی انہوں نے اس بات کا تذکرہ کیا تھا۔ 
بھنوکا راجہ پاکسا نے سری لنکا کی جانب سے 5 ون ڈے انٹرنیشنلز کھیل کر 17.8 کی اوسط کیساتھ 89 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ 18 ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیل کر 26.67 کی اوسط کیساتھ 320 رنز بنائے ہیں۔ 
سری لنکن بورڈ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بھنوکا راجہ پاکسا نے اپنے ریٹائرمنٹ لیٹر میں لکھا ہے کہ انہوں نے بورڈ کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائے گئے فٹنس کے نئے معیار بالخصوص ’سکن فولڈ‘ لیول کے باعث یہ فیصلہ کیا۔ 
سری لنکن بورڈ نے سکن فولڈ ٹیسٹ لیولز 85 سے کم کر کے 70 کر دیا اور 30 سالہ سری لنکن بلے باز کا ماننا ہے کہ اگر انہوں نے اپنا سکن فولڈ لیول نیچے گرایا تو وہ پاور ہٹنگ کی صلاحیت سے محروم ہو جائیں گے۔

Bhanuka Raja PaksaDaily NaibaatDaily Naibaat newspaperRetirementSri Lanka Cricket Team