لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے دوران اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہ ملنے پر کھلاڑی ناخوش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے 7 ویں ایڈیشن کے انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں جس کا آغاز رواں مہینے کی 27 تاریخ کو ہوتا ہے۔ پی سی بی نے کورونا وائرس کو لیگ سے دور رکھنے اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے کھلاڑیوں کو اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہ ملنے پر کھلاڑی سخت ناخوش ہیں اور کئی کھلاڑیوں نے اپنی ٹیموں سے سخت احتجاج بھی کیا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کیلئے ٹورنامنٹ کا انعقاد زیادہ ضروری ہے اور سب بے چینی سے میچز کا انتظار کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق پاکستانی ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے اور اگر ان تاریخوں میں لیگ مکمل نہ ہو سکی تو اسے رواں برس ختم کرنا پڑے گا جس سے سب کو بے حد نقصان ہو گا، اس لئے غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 2 ٹیموں کے ایک ساتھ وائرس کی زد میں نہ آنے تک ٹورنامنٹ جاری رہے گا اور اگر مجبوراً روکنا پڑا تو7 دن کے وقفے سے میچز دوبارہ شروع ہوں گے اور ایک دن میں 2 میچز کرائے جائیں گے۔