وزیراعلیٰ پنجاب کا مری کو ضلع کا درجہ دینے اور سانحہ مری کی تحقیقات کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مری کو ضلع کا درجہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کے روڈ سٹرکچر کو بہتر بنانے کی منظوری دیدی ہے جبکہ سانحہ مری کی تحقیقات کرانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مری کو ضلع کا درجہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے مری کے روڈ سٹرکچر کو بہتر بنانے کی منظوری دیدی ہے ۔ 
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گنجائش سے زیادہ ٹریفک کو آئندہ مری میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا جبکہ وزیراعلیٰ نے مری کی بڑی سڑکوں کیساتھ چھوٹے رابطہ لنک فوری بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سانحہ مری کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جو سات روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مری کو ضلع بنانے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ وہاں سینئر افسران کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت فوری طور پر ایس پی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو تعینات کیا جائے گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ مری میں دو نئے تھانوں کے قیام کی منظوری دیدی گئی ہے جبکہ سنی بینک اور جھیکا گلی میں دو پارکنگ پلازا بھی بنائے جائیں گے جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے سیاحوں کو مال روڈ لایا جائے گا اور مخصوص حد سے زیادہ گاڑیوں اور لوگوں کو مری میں دخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 

Chief Minister PunjabCM PunjabDaily NaibaatDaily Naibaat newspaperMurreeSardar Usman Buzdar