اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آج جنرل صاحب نے بھی ڈیل کی باتوں سے متعلق واضح کر دیا ہے، نواز شریف اور زرداری پاکستانی سیاست کی تاریخ بن چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر تین ماہ بعد ایسی باتیں چھوڑنے کا رواج ہے، سیاست اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر نہیں کرنی تو ایسی افواہوں پر ہی کھڑا ہونا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ڈیل کی باتیں لوگ اپنے اپنے شوق کیلئے کر رہے تھے، اچھا ہوا آج کہ جنرل صاحب نے بھی ڈیل کی باتوں سے متعلق کلیئر کر دیا۔ نواز شریف اور زرداری پاکستان کی سیاست کی تاریخ بن چکے ہیں، ان کا کوئی حال ہے اور نہ مستقبل ہے، یہ سلسلہ نواز شریف اور زرداری کے بغیر ہی چلنا ہے۔
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے آج پریس کانفرنس کے دوران نواز شریف کیساتھ ڈیل کی خبروں سے متعلق کئے گئے سوال پر کہا کہ یہ تمام باتیں بے بنیاد اور افواہیں ہیں، جب بھی کوئی ڈیل کی بات کرے تو آپ ان سے پوچھیں کہ ڈیل کون کر رہا ہے؟ اس کے محرکات کیا ہیں؟ یہ سب افواہیں ہیں، ان پر جتنی کم گفتگو کی جائے، اتنا ہی ملک کیلئے بہتر ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ رات کو ٹی وی پروگرامز میں کہا جاتا ہے کہ اسٹیلشمنٹ نے یہ کر دیا، اسٹیبلشمنٹ نے وہ کر دیا، ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں اور اسٹیبلشمنٹ کو اس مسئلے سے باہر رکھیں۔