کراچی: سندھ میں 101 افراد میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کی تصدیق ہو گئی ہے اور تمام افراد کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق سب سے زیادہ 39 کیسز کراچی کے ضلع جنوبی میں سامنے آئے ہیں اور 23 کیسز ضلع شرقی میں جبکہ ملیر، کورنگی وسطی اور غربی میں 2، 2 کیسز سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے 21 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی جبکہ 9 افراد کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔ مذکورہ افراد کی جینوم سیکوئنسنگ آغا خان اور ڈاؤ اوجھا ہسپتال میں کی گئی جبکہ 47 افراد کی جینوم سیکوئنسنگ کا مرحلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون سے بچاؤ کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں تقریبات میں کورونا وائرس سے متعلق ہدایات آویزاں کی جائیں۔
صوبائی حکومت نے صرف ویکسینیٹڈ افراد کو ہی تقریبات میں شرکت کی اجازت دینے کا پابند کیا ہے جبکہ کورونا وائرس کی نئی قسم کی موجودگی کے پیش نظر نزلہ و زکام میں مبتلا افراد کو تقریبات میں شرکت سے گریز کرنے کا کہا ہے۔