موسمی صورتحال اور کورونا کے باعث امریکہ میں 2 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ

واشنگٹن: امریکہ موسمی صورتحال اور عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث ہفتے کو فضائی سفر میں شدید مشکلات رہیں اور شہریوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز امریکہ میں 2 ہزار 723 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ دنیا بھر میں منسوخ کی گئی پروازوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 698 رہی اور سفر کے خواہشمند افراد شدید پریشان نظر آئے۔ 
اس صورتحال میں سب سے زیادہ پریشانی امریکی ائیرلائن ساﺅتھ ویسٹ کو اتھانا پڑی جس کو 13 فیصد فلائٹ شیڈول منسوخ کرنا پڑا جبکہ امریکہ میں تقریباً 6 ہزار ڈومیسٹک پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ 
امریکا میں خراب موسم کے باعث شکاگو کا ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا جبکہ اس سے قبل کرسمس ویک اینڈ پر دنیا بھر میں ایئر لائنز کی طرف سے تقریباً 7500 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چائنہ ایسٹرن ائیرلائنز کو بھی 500 فلائٹس منسوخ کرنا پڑیں جو اس کی مجموعی فلائٹس کا ایک چوتھائی بنتا ہے جبکہ ائیر چائنہ نے 200 سے زائد فلائٹس منسوخ کیں۔ 
امریکن ائیرلائنز اور ڈیلٹا ائیرلائنز نے بھی 200 سے زائد پروازیں منسوخ کیں جبکہ یونائیٹڈ ائیرلائنز کو 150 سے زائد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں جس کے باعث مسافر شدید پریشانی کا شکار رہے۔ 

Canceledcorona virusDaily NaibaatDaily Naibaat newspaperUnited StatesWeather Conditions