پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیٹرول کی قیمت اوگرا کی تجویز سے بھی زیادہ بڑھانے کا انکشاف

اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سمری میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے تجویز کی گئی قیمت سے بھی زیادہ بڑھانے کا انکشاف ہوا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سال نو کے موقع پر اوگرا کی جانب سے پیٹرول 3 روپے 2 پیسے اور ڈیزل 4 روپے 53 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سمری بھجوائی گئی تھی تاہم پیٹرولیم ڈویژن نے اوگرا کی سمری پر عمل کرنے کی بجائے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا۔ 
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ کے مطابق صارفین کو منتقل کیا گیا ہے جبکہ پیٹرول اور ڈیزل پرجتنی لیوی بڑھائی گئی تقریباً اتنا ہی جی ایس ٹی کم کردیا گیا۔
واضح رہے کہ حکومت نے عوام کو نئے سال کا تحفہ ’پیٹرول بم‘ کی صورت میں دیا اور پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 4 روپے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 144 روپے 82 پیسے ہو گئی اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے اضافے کیساتھ 141 روپے 62 پیسے ہو گئی۔ 
نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 15 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 111 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے 95 پیسے اضافے کے ساتھ 113 روپے 53 پیسے ہو گئی ہے۔ 

Daily NaibaatDaily Naibaat newspaperIncreaseOGRAOil and Gas Regulatory Authoritypetrol pricePetroleum Division