اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف سمجھتے ہیں کہ وہ ڈوب رہے ہیں تو سارا پاکستان ہی ڈوب رہا ہے، ان کے پاس 2 ہی آپشنز ہیں، لندن جائیں یا پھر جیل جائیں، یہاں پوری اپوزیشن ہی پی ٹی آئی سے رابطے میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے فلم انڈسٹری کو بچانے کیلئے زبردست اقدامات کئے ہیں اور اپنے فنکاروں کو تحفظ دینے کیلئے غیر ملکی مواد پر ٹیکس عائد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی قیادت مایوس ہے، اس لئے وہ اسمبلی میں ہی نہیں آئی، یہ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے 29 ارکان مسلم لیگ (ن) کیساتھ رابطے میں ہیں، لیکن یہاں تو پوری اپوزیشن پی ٹی آئی سے رابطے میں ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے تین سال میں 32 ارب ڈالر قرض واپس کیا ہے، اگر عمران خان وزیراعظم نہ ہوتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، اپوزیشن میدان میں آئے گی تو بات کریں گے، سیاست کرنے کا حق سب جماعتوں کو حاصل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) قومی سیاست کریں، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری لاہور آنا چاہتے ہیں تو آئیں، ہم تو یہ بھی چاہتے ہیں کہ عدالت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے اقدامات کرے۔