دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیاءکپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا انڈر 19 نے پاکستان کو 22 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔
آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 44.5 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ یاسیرو روڈریگو نے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور متھیشا پاتھیرانا نے بھی 31 رنز بنائے جبکہ تریوین میتھیو 12، چمیندو ویکراماسنگھے 12، انجالا بندارا 13، سدیشا راجاپاکسا 11 اور پون پاتھیراجا 11 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے ذیشان ضمیر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 10اوورز میں 32 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ احمد خان اور اویس علی نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ارحم نواب اور معاذ صداقت نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاق میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 125 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ احمد خان نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے جبکہ محمد شہزاد 30، قاسم اکرم 19، عرفان خان 13، رضوان محمود 6، ارحم نواب 11، ذیشان ضمیر 2 اور اویس علی 2 رنز بنا سکے۔
سری لنکا کی جانب سے تریوین میتھیو سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 14 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور دونیتھ ویلالاگے نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راوین دی سلوا، شیوون ڈینیل اور متھیشا پاتھیرانا ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔