لاہور: ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا پاسپورٹ ایکسپائر،ویزا بھی ختم ہونے والا ہے ، نوازشریف کے آنے سے ان کے خاندان کے افراد پریشان ہیں،حکومت کو کوئی پریشانی نہیں۔
حسان خاور نے لاہور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کارکردگی کی سیاست ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں لاہور بدل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کو بھی سمجھ آرہی ہے نوازشریف کو واپس آنا پڑے گا ، ان کے واپس آنے سے پی ٹی آئی نہیں بلکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز پریشان ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت نے پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے کہا کہ سندھ میں بیٹھ کر پنجاب کی بات کی جارہی ہے ،زرداری ضرور لاہور آئیں دہی بھلے کھائیں اور 12 لوگوں سے خطاب کر کے واپس چلے جائیں، زرداری کی سیاست نے بھٹو کی لیگسی کو ختم کردیا ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ کارکردگی کی سیاست میں پیپلزپارٹی ناکام جماعت ہے ،سندھ پورے پاکستان میں سب سے پیچھے رہ گیا ۔ عوام کو روٹی ، کپڑا اور مکان پی ٹی آئی دے رہی ہے ۔