مہنگائی مارچ اسلام آباد 23 مارچ کو پہنچے گا، جو نا اہل حکمرانوں سے نجات کا دن ہو گا، مولانا فضل

کراچی: اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ 23 مارچ نا اہل حکمرانوں سے نجات کا دن ہو گا۔

پی ڈی ایم سندھ کا اجلاس مولانا راشد سومرو کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سیاسی صورتحال اور 23 مارچ کو منعقد ہونے والے مہنگائی مارچ پر غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے بطور خاص شرکت کی۔

امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے بات چیت میں کہا کہ 23 مارچ کو مہنگائی مارچ اسلام آباد پہنچے گا جو نا اہل حکمرانوں سے نجات کا دن ہو گا۔ مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر دعویٰ کیا کہ مہنگائی مارچ میں ملک کے کونے کونے سے لوگ شرکت کریں گے۔

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے سب کچھ واضح ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کو عصر کے بعد اسلام آباد پہنچیں گے۔

دو روز قبل مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا جو نتائج آچکے ہیں اس کو چھوڑیں آئندہ پورے ملک میں جہاں جہاں بھی الیکشن ہونگے نتائج سب کیلئے حیران کن ہونگے ،فضل الرحمن نے پاکستان کے آئندہ سیاسی منظر نامے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تھوڑا سا ہاتھ پیچھے کیا تو آپ نے خیبرپختونخواہ کا نتیجہ دیکھ لیا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پورے ملک میں اب یہی نتائج ہوں گے،مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم جمہوریت پسند ہیں اور پرامن سیاست ، آئین اور مستحکم پاکستان کی بات کرتے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے دینی مدارس کے خلاف حکومتی سطح پر سازشیں کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ قومی دھارے سے ہم نہیں وہ باہر ہیں۔ دین اسلام کے نام پر ایسے سکالر پیدا ہورہے ہیں جو اسلام کی تشریح ایسی کرتے ہیں جو مغرب کے لیے قبول ہو، پاکستان کو امن اور خوشحال معیشت کی ضرورت ہے۔

long marchMoulana Fazal ur rehmanPakistanPDM