لاہور: پنجاب حکومت نے میڈیا کو آرڈی نیشن کمیٹی قائم کر دی ہے جو میڈیا اشتہارات اور واجبات ریکوری کیلئے لائحہ عمل طے کرے گی۔
پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور کا کہنا ہے کہ میڈیا کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اشد ضروری ہے۔ میڈیا کو آرڈی نیشن کمیٹی میڈیا کو ڈیجیٹل دور کے مطابق ڈھالنے کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں میڈیا ریفارمز، میڈیا انٹرپرینیور شپ کی ترویج کے حوالے سے کام کیا جائے گا جبکہ کمیٹی دو ہفتوں میں ٹی او آرز پر عمل کے حوالے سے ورکنگ پیپر پیش کرے گی کیونکہ یہ بہت ضروری ہے کہ عوام تک خبر کی رسائی مصدقہ اور قابل بھروسہ اطلاعات پر مبنی ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور کی خصوصی ہدایت پر میڈیا ریفارمز کمیٹی کی تشکیل نو ممبران پر مشتمل کمیٹی کے حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
ممبران میں فیصل شیر جان، عابد نور بھٹی، حامد جاوید اعوان، اظہر قاضی مشوانی، جاوید اقبال شامل جبکہ انعم عباس، کاظم خان، شکیل مسعود اور عمر شامی بھی ممبران میں شامل ہیں۔