مولانا فضل الرحمن نے پاکستان کے آئندہ سیاسی منظر نامے کی حیران کن پیشگوئی کر دی 

پشاور:جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئندہ پورے ملک میں انتخابی نتائج پشاور جیسے ہوں گے ، لبرل ازم کے نام پر حیوانی معاشرہ کی تشکیل چاہنے والی قوتوں سے ہماری جنگ جاری ہے ، ملا تنگ نظر نہیں وسیع النظر ہیں ، علماء ہمت کریں پورے ملک کا نظام ان کے ہاتھ میں ہوگا ۔

مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا جو نتائج آچکے ہیں اس کو چھوڑیں آئندہ پورے ملک میں جہاں جہاں بھی الیکشن ہونگے نتائج سب کیلئے حیران کن ہونگے ،فضل الرحمن نے پاکستان کے آئندہ سیاسی منظر نامے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تھوڑا سا ہاتھ پیچھے کیا تو آپ نے خیبرپختونخواہ کا نتیجہ دیکھ لیا ۔

فضل الرحمن کا کہنا تھا پورے ملک میں اب یہی نتائج ہوں گے،مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم جمہوریت پسند ہیں اور پرامن سیاست ، آئین اور مستحکم پاکستان کی بات کرتے ہیں۔

 جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے دینی مدارس کے خلاف حکومتی سطح پر سازشیں کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ قومی دھارے سے ہم نہیں وہ باہر ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ دین اسلام کے نام پر ایسے سکالر پیدا ہورہے ہیں جو اسلام کی تشریح ایسی کرتے ہیں جو مغرب کے لیے قبول ہو، پاکستان کو امن اور خوشحال معیشت کی ضرورت ہے۔

maulana fazal rehman