پی ٹی آئی تشدد اور دھاندلی کے سہارے عوام کے انتخاب کرنیکے عمل کو متاثر کر رہی ہے، بلاول بھٹو

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی تشدد اور دھاندلی کے سہارے عوام کے انتخاب کرنے کے عمل کی حیثیت کم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف لوکل باڈیز الیکشن میں دھاندلی کی کوششوں میں اتھاہ گہرائیوں میں دفن ہو چکی ہے اور پشاور میں پولنگ سے قبل پی ٹی آئی کے افراد بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جبکہ اسی جماعت کے کارکنان کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز میں توڑپھوڑ اور خواتین سمیت پولنگ کے عملے پر حملوں کی خبریں آتی رہیں،  یہ حرکتیں ایک غیرمقبول حکومت کی غماز ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں اے این پی کے امیدوار کو قتل کردیا گیا، اور مقتول کے ورثاء نے پی ٹی آئی کے وزیر پر الزام لگایا کہ رشوت دینے کی کوششوں کے بعد یہ قتل ہوا جبکہ تشدد اور دھاندلی کے سہارے پی ٹی آئی عوام کے انتخاب کرنے کے عمل کی حیثیت کم کرنے کی کوشش کررہی ہے اور ہم الیکشن کمیشن کے منتظر ہیں کہ وہ دھاندلی کے خلاف ایکشن لے اور صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنائے۔

خیال رہے کہ کرک کی تحصیل تخت نصرتی کے علاقہ فقیر خیل میں پولنگ اسٹیشن پر جھگڑا اور فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔ نیو نیوز کے مطابق فائرنگ پی ٹی آئی ایم این اے شاہد کے ہوم اسٹیشن پر ہوئی۔ جاں بحق ہونے والے دونوں ایم این اے شاہد کے چچازاد بتائے جارہے ہیں۔ فائرنگ کے بعد پولنگ بند علاقے میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی کی نفری پہنچ گئی۔پولنگ روک دی گئی ہے ۔

Bilawal BhuttoLocal Bodies electionPakistanPTI