عثمان بزدار, ترجمان باہر نکلیں تو ہر طرف نوازاور شہباز کے منصوبے نظر آئیں گے: عظمی بخاری

لاہور: مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کی پریس کانفرنس پر ردعمل  دیتے ہوئے کہا ہے کہ عثمان بزدار اور انکے ترجمان اگر وزیراعلیٰ ہاﺅس سے باہر نکلیں تو انکو ہر طرف نوازاور شہباز کے منصوبے نظر آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق عظمی بخاری نے  کہا کہ  نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن)نے ملک بھر میں 55ہسپتال بنائے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں کڈانی ٹرانسپلانٹ ،مناواں ہسپتال اور شاہدرہ ہسپتال ،راولپنڈی کارڈیالوجی ،اور طیب اردگان مظفر گڑھ شہبازشریف کے شاہکار ہیں،پی کے ایل آئی کو پہلے ثاقب نثار پھر بزدار حکومت نے سیاست کی بھینٹ چڑھائے۔ انہوں  نے کہا کہ پہلے لیور ٹرانسپلانٹ کےلئے شہریوں کو بھارت جانا پڑتا تھا ،شہریوں کی اسی تکلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے شہبازشریف نے لاہور میں لیور ٹرانسپلانٹ کا ہسپتال بنایا۔

عظمی بخاری نے مزید کہا کہ ،پنجاب حکومت نے ساڑھے تین سال میں ایک بھی کورونا کی ڈوز نہیں خریدی،،پنجاب میں اب تک جتنی بھی ویکسین لگی وہ چین،ڈبلیو ایچ او،امریکہ یا برطانیہ کی طرف سے خیرات میں ملیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزدار حکومت کے پاس اپنے وزراءکےلئے نئی گاڑیاں خریدنے کے پیسے ہیں لیکن ویکسین خریدنے کےلئے پیسے نہیں،عمران خان اور ان کے خوشامدی وزراءکی تقریروں سے شریف خاندان کا ذکر نکال دیں تو یہ سب صفر ہیں۔بنی گالہ لوٹ مار ایسوسی ایشن چار سال سے نوازشریف کے نام پر ہی سیاسی طور پر زندہ ہے۔
قبل ازیں ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ  ن لیگ کہتی ہےصحت کے شعبے میں  بڑا  پیسہ لگایا ، اتنا پیسہ لگایا  تو علاج کیلئے باہر کیوں گئے ؟ترجمان پنجاب حلومت نے کہا کہ ن لیگ نے بجلی کے مہنگے منصوبے لگائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں  ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی ،شہباز شریف ایک دھیلے نہیں ، اربوں کی کرپشن کرتے ہیں ،آج تک نہیں بتاسکے ، اکاؤنٹس میں پیسے کہاں سے آئے ؟

حسان خاور کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے ذریعے امیر غریب کا فرق ختم کر دیا، انہوں نے مزید کہا  کہ ویکسی نیشن کے عمل میں  پنجاب پورے ملک میں آگے ہیں۔

Azma BukhariHassan KhawarLahorePMLNPTI