پریانتھا قتل کیس، مزید 33 ملزم 17 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

گوجرانوالہ: سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے مزید 33 ملزموں کو 17 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پولیس نے پریانتھا کمارا قتل کیس میں 33 ملزمان کو سیالکوٹ سے گوجرانوالہ لا کر ملزموں کو انسداددہشت گردی عدالت میں پیش کیا اور ان کا20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے ملزمان کا 17 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور انہیں اب 3 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ پریانتھا قتل کیس میں 52 ملزمان پہلے ہی جسمانی ریمانڈ پر ہیں، مقدمے میں باضابطہ طور پر گرفتار اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ملزمان کی مجموعی تعداد 85 ہو گئی ہے۔ 
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں توہین مذہب کے الزام میں سیکڑوں افراد نے ایک فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا اور لاش جلا دی تھی جس کے بعد پاکستانی حکام کی جانب سے مقتول کی میت کولمبو میں ان کے گھر پہنچائی گئی جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔

Daily NaibaatDaily Naibaat newspapermurder casephysical remandPriyantha KumaraSialkot