حکومت نے چھوٹے کاروبار والوں کیلئے آسان فنانس سکیم کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرینیور(ایس ایم ای) پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت انڈسٹری کو ٹیکس مراعات دینے کیساتھ ساتھ آسان شرائط پر بغیر ضمانت قرض بھی دئیے جائیں گے۔ 
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ ایس ایم ای پالیسی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان کی تاریخ میں مربوط ایس ایم ای پالیسی کو منظور کردیا ہے جس کے تحت انڈسٹری کو ٹیکس مراعات دی جائیں گی اور آسان شرائط پر بغیر ضمانت قرضے بھی دئیے جائیں گے۔
وزیرصنعت و پیداوار نے کہا کہ ایک تخمینے کے مطابق پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے 50 لاکھ سے زائد کاروبار ہیں اور بڑی صنعتوں کی تعداد تقریباً 35 ہزار ہے جبکہ صرف 5 فیصد بڑے پیمانے کی صنعتیں ہیں اور باقی ماندہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو بڑے مسائل کا سامنا تھا جس کی وجہ سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم ای پالیسی کو تین درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے درجے میں کئی شعبوں کو کسی بھی طرح کے این او سی کی ضرورت نہیں اور کاروبار کے آغاز کیلئے دفاتر کے چکر بھی نہیں لگانے پڑیں گے، ہم نے بغیر انسپکٹرز کے معائنہ کیا ہے اور اس حوالے س اب پورٹل بھی بنا دیا گیا ہے جس کے باعث رشوت ستانی کا سدباب ہو گا۔ 
خسرو بختار نے بتایا کہ 30 ہزار نئے کاروباروں کو 1 کروڑ روپے تک بغیر ضمانت قرض دیا جائے گا اور کاروبار میں نقصان کی صورت میں 40 فیصد حکومت اور کمرشل بینک برداشت کریں گے۔ اس کے علاوہ ایس ایم ای کیلئے 4 ہزار 2 سو ایکڑ اراضی وفاق، پنجاب ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مختص کی گئی ہیں جبکہ حکومتی ٹھیکوں کے اندر بھی ایس ایم ایز کو ٹھیکہ دیا جائے گا۔ 
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج ایس ایم ای پالیسی کا اعلان کرنے جارہے ہیں، ہم ایک درآمدی معیشت تھے لیکن اب معیشت کو منتقل کیا جارہا ہے، پاکستان کو مضبوط صنعتی بنیاد چاہیے جبکہ پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ کرنا ہو گا، اگر ہم پاکستان کو مضبوط صنعتی بنیاد نہیں دیں گے کبھی بھی معاشی مسائل سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔ 

Daily NaibaatDaily Naibaat newspaperFawad ChaudhryGovernment Of PakistanKhusro Bakhtiar