دبئی: نیوزی لینڈ میں ہونے والے آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی )نے ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کر دیا ہے ، ٹورنامنٹ کا آغاز 4 مارچ 2022 کو ٹورنگا کے بے اوول اسٹیڈیم میں میزبان نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان میچ سے ہو گا۔
ٹورنامنٹ کے آغاز کے مرحلے میں ہی دو روایتی حریفوں کے درمیان کانٹے دار مقابلے رکھے گئے ہیں جس میں آسٹریلوی ٹیم 5 مارچ کو ہیملٹن کے سیڈن پارک میں انگلینڈ کے مد مقابل ہو گی جبکہ 6 مارچ کو پاکستان اور بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیمیں ٹورنگا کے میدان میں آمنے سامنے ہونگی ۔
31 دن تک جاری رہنے والے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کل 31 میچز کھیلے جائیں گے، جس میں آٹھ ٹیمیں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کیلئے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہونگی۔ جبکہ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ، کرائسٹ چرچ، ڈونیڈن، ہیملٹن، ٹورنگا اور ویلنگٹن ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیموں نے آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ20- 2017 میں اپنی پوزیشن کی بنیاد پر ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ نیوزی لینڈ نے میزبان ہونے کے ناطے خود بخود کوالیفائی کیا۔اسی طرح پاکستان، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز ون ڈے رینکنگ کی بنیاد پر ورلڈ کپ میں جگہ بنانے والی آخری تین ٹیمیں تھیں۔
پہلا سیمی فائنل 30 مارچ کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل کرائسٹ چرچ میں31 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی کرائسٹ چرچ میں ہی 3 اپریل کو ہو گا۔