وزیراعظم آج لاہور کا دورہ کریں گے

لاہور: وزیراعظم پاکستان عمران خان آج ایک روزہ سرکاری دورے پر لاہور پہنچیں گے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر چوہدری محمد سرور کیساتھ ملاقاتیں کرنے کے علاوہ ہیلتھ کارڈ سے متعلق تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیراعظم پاکستان سے ون آن ون ملاقات کے دوران صوبے کے اہم امور بارے بریفنگ دیں گے جبکہ گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اوردورہ برطانیہ کے حوالے سے وزیراعظم کو بریف کریں گے۔ 
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان آئی جی اور چیف سیکرٹری سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرنے کے علاوہ گورنر ہاؤس میں ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے ’نیا پاکستان سب کیلئے‘ کی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔ 
وزیراعظم عمران خان سے پنجاب کے اہم اور سینئر وزراءکی ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں جبکہ وہ لاہور میں میڈکل یونیورسٹیز اور کالجز کے وائس چانسلرز اور پرنسپلز سے بھی ملاقات کریں گے جس میں سرکاری اور نجی اداروں کے سربراہان شامل ہوں گے جو اپنے مسائل پر گفتگو کرنے کے علاوہ تجاویز پیش کریں گے۔ 

Chaudhry SarwarDaily NaibaatDaily Naibaat newspaperImran KhanLahorePrime MinisterUsman Buzdar