کراچی: پارلیمانی سیکرٹری صحت سندھ قاسم سومرو نے کہا ہے کہ عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کا ہمارے پاس پہلا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور متاثرہ خاتون جس فلائٹ سے پاکستان آئی ہیں، اس کے تمام مسافروں کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
پارلیمانی سیکرٹری صحت سندھ قاسم سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل فلائٹس کھلی ہونے کے باعث اومی کرون ویرینٹ کا ہونا ظاہر تھا۔متاثرہ خاتون کی ٹریول ہسٹری معلوم کی جا رہی ہے اور ان کے رشتہ داروں اور ملنے والوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔
قاسم سومرو کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اومی کرون کے بعض کیسز میں پی سی آر ٹیسٹ پازیٹو نہیں تھے۔اومی کرون ویرینٹ بہت زیادہ تبدیل شدہ ہے جبکہ ہمارے پاس موجود پی سی آر کٹس ڈیلٹا ویرینٹ پر فوکسڈ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس کراچی کے نجی اسپتال میں رپورٹ ہوا ہے۔ نجی ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے خاتون مریضہ میں اومی کرون کی تصدیق کی گئی ہے، جو بیرون ملک سے آئی ہیں۔