رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے خط لکھ دیا گیا

اسلام آباد: گلگت بلتستان کے سابق جج رانا شمیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کیلئے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے چیف کمشنر اسلام آباد کو خط لکھ دیا ہے۔ 
ایڈووکیٹ جنرل نیاز اللہ نیازی نے چیف کمشنر اسلام آباد کو خط بھیج کر ان سے گلگت بلتستان کے سابق جج رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے کہا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل نیاز اللہ نیازی نے خط میں کہا ہے کہ سابق جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کا کیس زیر التواءہے۔ 
چیف کمشنر اسلام آباد کو بھیجے خط میں ایڈووکیٹ جنرل نیاز اللہ نیازی کا یہ بھی کہنا ہے کہ رانا شمیم کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی کارروائی شروع کی جائے۔ذرائع کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی جانب سے چیف کمشنر اسلام آباد کو بھیجے گئے خط پر عملدرآمد کی صورت میں ان کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا جائے گا اور وہ بیرون ملک سفر نہیں کر سکیں گے۔ 
قبل ازیں ایک شہری کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست بھی دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رانا شمیم کو بیرون ملک جانے روکا جائے تاہم عدالت نے یہ درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی تھی۔ 
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بیرون ملک جانے سے روکتے ہوئے توہین عدالت کیس میں پیر تک اصل بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا ہے بصورت دیگر فرد جرم عائد کی جائے گی جبکہ کیس کی سماعت 13 دسمبر بروز پیر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ 
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں سابق چیف جج گلگت بلتستان راناشمیم کے مبینہ بیان حلفی کی خبرپرتوہین عدالت کے کیس کی سماعت ہوئی جس دوران رانا شمیم ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور شوکاز کا جواب داخل کرایا۔ 
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ بیانیے کے ذریعے اس ہائیکورٹ پر دباؤ  ڈالا گیا جبکہ اخبار نے خبر شائع کردی کہ جج کوفون کر کے کہاگیا شخصیت کورہا نہیں کرنا، یہ رائے بنائی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے تمام ججزنے سمجھوتا کیا ہوا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ الزام چیف جسٹس پاکستان کےخلاف نہیں بلکہ اس ہائیکورٹ کے جج کےخلاف ہے، آپ کیاچاہتے ہیں مجھ سمیت تمام ہائیکورٹ ججزکےخلاف انکوائری شروع ہوجائے؟ 

Daily NaibaatDaily Naibaat newspaperECLExit Control Listislamabad High courtLetterRana Shamim