جرمنی میں کورونا سے 24 گھنٹوں کے دوران 390 اموات، ملک بھر میں پابندیاں سخت کر دی گئیں

برلن: جرمنی میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 74 ہزار 352 کورونا مریض سامنے آنے اور 390 اموات ہونے کے باعث ملک بھر میں پابندیاں سخت کر دی گئی ہیں۔ 
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ اموات کے بعد جرمنی میں کورونا وائرس کی وباءسے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 1 لاکھ 2 ہزار 909 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک اس کے 60 لاکھ 26 ہزار 796 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں بالخصوص ویکسی نیشن نہ لگوانے والے حضرات پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہیں۔ 
جرمنی میں کورونا کی چوتھی لہر روکنے کیلئے غیر ویکسین شدہ افراد پر عائد پابندیوں کے تحت صرف ایسے لوگوں کو ہی ریسٹورنٹس، سینما اور دیگر دکانوں میں جانے کی اجازت ہو گی جن کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے یا وہ افراد جو حال ہی میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ 
اس کے علاوہ جرمنی بھر میں 7 دن میں 350 کیسز رپورٹ ہونے والے علاقوں میں ناصرف کلب بند رہیں گے بلکہ آؤٹ ڈور ایونٹس میں شرکاءکی حد بھی 15 ہزار تک محدود کر دی گئی ہے جبکہ جرمن چانسلر اینجلا میرکل کا کہنا ہے کہ فروری تک ویکسی نیشن بھی لازمی قرار دی جا سکتی ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی 390 اموات نے تو حکام کو تشویش میں مبتلا کیا ہی ہے مگر اس کیساتھ ہی نئے ویرئنٹ اومی کرون کے پھیلاؤ کو لے کر بھی پریشانی کا اظہار کیا جا رہا ہے کیونکہ حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی نصف سے زیادہ تعداد اسی وجہ سے ہو گی۔ 

390 Deathscorona vaccinecorona viruscovid-19Daily NaibaatDaily Naibaat newspaperGermanysanctions