علامہ ساجد نقوی کا این اے 133 میں ن لیگ کی حمایت کا اعلان

لاہور : سربراہ اسلامی تحریک پاکستان علامہ ساجد علی نقوی نے این اے ایک سوتینتیس کےضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان  کردیا۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعدرفیق ، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن لاہور خواجہ عمران نذیر، ایم پی اے میاں نصیر یاسین سوہل نے شائستہ پرویزملک کی حمایت پر اسلامی تحریک پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

نیو نیوز کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان کے وفد نے مسلم لیگ  ن کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد کا استقبال مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعدرفیق نے کیا جبکہ این اے ایک سوتینتیس کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کی امیدوار شائستہ پرویزملک کی حمایت پر قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف اور صدرمسلم لیگ ن میاں شہبازشریف کی جانب سے شکریہ ادا کیا ۔

خواجہ سعدرفیق کاکہناتھاکہ دونوں جماعتیں پاکستان میں آئین کی حکمرانی جمہوری اقدار کی مکمل بحالی اور پاکستان میں صاف شفاف اور منصفانہ الیکشن کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گی۔ اسلامی تحریک پاکستان اور مسلم لیگ ن کا اتحاد نہ صرف شائستہ پرویزملک کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ جمہوریت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن لاہور خواجہ عمران نذیر،ایم پی اے چودھری یاسین سوہل،میاں نصیر احمد لیگی رہنما چودھری سجاد احمد جبکہ شعیہ علما کونسل پنجاب کے  قاسم علی قاسمی،امیر عباس مرزا،سید جعفر علی شاہ،علی عباس بھٹی،چودھری صغیر عباس ورک،حافظ واجد نقوی،سید فاطر عباس سمیت دیگر موجودتھے۔

Allama Sajid NaqviBy-electionNA-133PMLNPPPPTI