اسلام آباد: وفاقی وزیر فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ دین اسلام اور نبی پاک ﷺ کے نام پر جس طرح سیاست ہورہی ہےوہ قابل غور ہے۔ وزیراعظم جو بھی اقدام اٹھاتے ہیں وہ سیاست کیلئے نہیں اٹھاتے.
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بین المذاہب امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فوادچوہدری نے کہا کہ نبی پاک ﷺ کو ہمیشہ رحمت اللعالمین کہا گیا ہے اور نبی پاک ﷺ کے رتبے کو لے کر ہمیں آگے چلنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم بہت بڑے عاشق رسول ﷺہیں جس طرح انہوں نے سیرت النبی ﷺ کےلئیے کام کیا، رحمت العالمین اتھارٹی کاقیام ہو، اسلاموفوبیا کیخلاف علم بلندکرنا یا مغرب کو حرمت رسول ﷺسے روشناس کرانا وہ مثالی ہے۔انہوں نے کہا کہ علماء پر یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مذہب کے نام پرشدت پسندی کو مسترد کریں۔
فواد چوہدری نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کےحل کیلئےسب سےبہترین طریقہ گفتگوہےجوہونی چاہئے،تاہم راستہ دکھانا اور آگے لے کر جاناعلمائے کرام کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم علمائے کرام اور مشائخ کو مانتے اور ان سے ہدایت لیتے ہیں، انہوں نے کہ خانقاہوں اور درگاہوں کی وجہ سےیہ خطہ امن و آشتی کاگہوارہ بنا،خانقاہوں کی بنیاد لاالٰہ الا اللہ اور دوسری انسانیت پر مبنی تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا مشائخ میں بھی اہم مرتبہ ہے جس سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔