پہلا ٹی 20: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

ڈھاکہ: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹی 20 میچ میں گرین شرٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگال ٹائیگرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔ عفیف حسین 36 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مہدی حسن 30، نورالحسن 28، تسکین احمد 8 اور نجم الحسین شنتو 7 رنز بنا سکے۔ 
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 22 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور محمد وسیم جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز اور شاداب خان ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٔٹ کر سکے۔ 
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی تاہم خوشدل شاہ، فخر زمان ، شاداب خان اور محمد نواز کی پراعتماد بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم یہ میچ 4 وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہو گئی۔ خوشدل شاہ 35 گیندوں پر 1 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے اور فخر زمان نے بھی 34 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 11، شاداب خان 21 اور محمد نواز نے 18 رنز بنائے۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 31 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مہدی حسن، مستفیض الرحمان اور شوریف الاسلام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، فخرزمان، حیدر علی، شعیب ملک، شاداب خان، خوشدل شاہ، محمد نواز، حسن علی، محمد وسیم جونیئر اور حارث رؤف شامل تھے۔ 
بنگلہ دیش کی قیادت محمود اللہ کر رہے تھے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد نعیم، سیف حسن، نجم الحسین شنتو، عفیف حسین، نورالحسن، امین الاسلام، شوریف الاسلام، مہدی حسن، تسکین احمد اور مستفیض الرحمان شامل تھے۔ 

BangladeshCricketDaily NaibaatDaily NaibaatnewspaperPakistanT20 match