ہم کوئی قانون مسلط نہیں ماضی کی کالک دھونا چاہتے ہیں ، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد : شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم کوئی کالا قانون مسلط نہیں کرنا چاہتے ہم ماضی کی کالک کو دھونا چاہتے ہیں ۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ایسی قانون سازی کی جائے گی جس سے ماضی میں ہونے والی خرابیاں دور ہوجائیں گی ۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسا کون سا الیکشن آیا جس کے بعد یہ نہیں کہا گیا کہ دھاندلی نہیں ہوئی ۔سوال یہ ہے کہ ہم کب تاریخ سے سبق سیکھیں گے اور اپنی سمت درست کریں گے ۔اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی سمت درست کریں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا کسی قانون کو بلڈوز کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ حکومت ایک  ارادہ کرچکی تھی اور ہم نے کئی بار اپوزیشن سے رابطہ کیا ہم نے تمام مشاورت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ شومئی قسمت کہ اس وقت اپوزیشن نے اس پر توجہ نہیں دی ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہم نے اپوزیشن پر مسلط نہیں کیا  یہ اجلاس عجلت میں نہیں بلایا گیا اگر ایسا ہوتا تو پھر اپوزیشن اپنے باہر بیٹھے اراکین کو واپس کیسے بلاتے ۔

اگر ہمارے پاس عددی اکثریت نہ ہوتی تو ہم یہ بل کیسے پیش کرتے ۔ ان کی تقریر اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی صفوں میں اتحاد ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ای وی ایم مشین کے ذریعے ماضی کی غلطیوں کو سدھارنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے شہبازشریف کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا دہرا معیار ہے اور ہمیں اس پر اعتراض کا حق ہے ۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ2013 کے انتخابات پر ہمیں اعتراض تھا ہم نے قانونی راستہ اختیار کیا ہم نے عدالت سے رجوع کیا عدالت نے ہماری بات تسلیم کی ایک جیوڈیشل کمشن بنا چالیس کے قریب سفارشات مرتب کی گئیں ہم نے بائیکاٹ نہیں کیا ہم نے اپوزیشن کے طور پر نظام کی بہتری کے لئے کوشش کی ۔

شاہ محمودقریشی  کا کہنا تھا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کے دیئے ہوئے ڈالر تو قبول کرلیتے ہیں لیکن ان کو ووٹ کا حق نہیں دیتے ۔ وہ کیسا اثاثہ ہیں جو پاکستان کے الیکشن میں اپنی رائے ہی استعمال نہ کریں ۔حزب اختلاف سے گذارش ہے کہ اگر وہ الیکشن کو چوری سے بچانا چاہتے ہیں تو اس بل کی مخالفت کی بجائے اس بل میں حکومت کو سپورٹ کریں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ آج سمت درست کرنے کا دن ہے۔ہم عجلت میں قانون سازی نہیں کر رہے اور حکومت نے اپوزیشن اراکین سے بار بار رجوع کیا۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اپوزیشن سے مشاورت کرنا چاہی لیکن اپوزیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی توجہ نہیں دی۔ 

NaibaatNational AssemblyPTIShah Mehmood