حکومت پاکستان اور تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مذاکرات میں ثالث ہیں ، افغان وزیرخارجہ

کابل: افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا اور کہا کہ پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں گے ۔

افغان وزیرخارجہ امیر خان متقی ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ امارات اسلامی کا کوئی فرد نہیں بلکہ بطور پالیسی پوری امارات اسلامی حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے مابین ثالثی کر رہی ہے۔قیام امن اور جنگ کا خاتمہ سب کے فائدے میں ہے ۔

افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کا کردار ثالث کا ہے اس لیےکسی فریق کی طرف جھکاؤ ظاہر کرنا مناسب نہیں ہے۔

امیر خان متقی کا کہنا ہے کہ خطے میں کسی قوت کو اجازت نہیں کہ لوگوں کو ایک دوسرے کے خلاف ابھارے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری  کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کر چکے ہیں۔

چند روز قبل فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مکمل فائر بندی پر اتفاق ہو گیا ہے اور فریقین کے درمیان افغانستان کی ثالثی میں مذاکرات بھی جاری ہیں۔

ameer khan mutaqi in pakistanThareek taliban pakistan