لاہور: پنجاب میں ڈینگی کا زور ، پنجاب حکومت کی جانب سے بھرپور اقدامات کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، مریض ہسپتال کی راہداریوں میں جان سے جانے لگے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور کے جناح ہسپتال میں ڈینگی کا مریض بروقت بیڈ نہ ملنے کے باعث راہداری میں ہی جاں بحق ہو گیا ۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران ، پنجاب میں ڈینگی کے 244 ، لاہور 186 اور گوجرانولہ سے ڈینگی کے 16 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ پشاور میں 131 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے ۔ اسلام آباد میں بھی مزید 86 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ۔
گذشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے 186 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔ گوجرانولہ سے ڈینگی کے 16، راولپنڈی میں 8 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔ ملتان میں 4 جبکہ لودھراں، ساہیوال اور اوکاڑہ سے ڈینگی کے 3 تین مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔ اٹک، قصور، نارووال، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں 2 دو مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی تعداد 18,479 ہو چکی ہے ۔ رواں سال لاہور سے اب تک ڈینگی کے 13,812 کیسز سامنے آئے ہیں ۔ رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی بخار کے باعث 69 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ۔