دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )ٹی 20 ورلڈکپ کے 34 ویں میچ میں آسٹریلیا نے ایڈم زامپا اور ایرون فنچ کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ ایڈم زامپا کو 5 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے 15 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز بنائے اور 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ شمیم حسین 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد نعیم 17 اور محمود اللہ 16 رنز بنا سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زامپا نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے 2,2 اور گلین میکس ویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلین ٹیم نے مقررہ ہدف صرف 6.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان ایرون فنچ نے 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ وارنر 18 اور مچل مارش 16 رنز بنا سکے۔