پی ٹی وی والے مجھے آف ایئر کرنے والے کون ہوتے ہیں، شعیب اختر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور سپر اسٹار شعیب اختر کا کہنا ہے کہ مجھے آف ایئر کرنے کا فیصلہ مضحکہ خیز ہے اور پی ٹی وی والے مجھے آف ایئر کرنے والے کون ہوتے ہیں۔

 

شعیب اختر نے سرکاری ٹی وی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے 22 کروڑ پاکستانیوں کے سامنے خود استعفے کا اعلان کیا۔

 

یاد رہے کہ پی ٹی وی کے اسپورٹس شو ’گیم آن ہے‘ میں منگل کی رات، پاکستان کے نیوزی لینڈ سے میچ کے بعد ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جس کے بعد شعیب اختر نے پی ٹی وی کے شو سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی مناسبت سے جاری شو کے دوران میزبان کی بدتمیزی کے بعد راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر ٹی وی شو سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔

 

اس پر شعیب اختر نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سرکاری ٹی وی پر میزبان کا رویہ ناقابل برداشت تھا اور دنیا بھر کے لیجنڈز کے سامنے یوں شو سے جانے کا کہنا توہین آمیز تھا۔

 

بعدازاں اسپورٹس اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز نے تنازع کے بعد ہونے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ کہانی کا ایک رخ ہمیشہ اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

NaibaatPakistanPTVShoaib Akhtar