اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے پانے والی شرائط کو پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کر دیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ختم نہیں ہوا تو پھر طے کیا ہوا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والی شرائط اور مذاکرات کی تفصیلات پارلیمنٹ سے چھپانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دال کالی ہے کیونکہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ قومی معیشت کو برباد کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی طرح ڈالر میں مسلسل اضافے پر حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جبکہ معاشی تباہی، مہنگائی اور معاشی افراتفری پاکستان کی قومی سلامتی کے تقاضوں کے لیے نیک فال نہیں۔
خیال رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 43 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 174 روپے سے بڑھ کر 174 روپے 43 پیسے ہو گئی ہے۔