ٹی 20 ورلڈکپ، آئرلینڈ کا نمیبیا کو جیت کیلئے 126 رنز کا ہدف

شارجہ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے 11 ویں میچ میں آئرلینڈ نے نمیبیا کو جیت کیلئے 126 رنز کا ہدف دیا ہے، آئرلینڈ کے بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ 
شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔ پال سٹرلنگ 24 گیندوں پر ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کیوین اوبرائن 25 اور اینڈریو بالبرنی 21 رنز بنا سکے۔ آئرلینڈ کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ 
نمیبیا کی جانب سے جین فرائی لنک سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 21 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ڈیوڈ ویزے نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جے جے سمٹ اور برنارڈ شولٹز ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر سکے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے نمیبیا کی قیادت گیرہارڈ ایراسموس کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں زینی گرین، کریگ ولیمز، مائیکل وین لینگن، ڈیوڈ ویزے، جے جے سمٹ، جین فرائی لنک، پکی یا فرینس، جین نکول لوفٹی ایٹن، روبین ٹرمپل مین اور برنارڈ شولٹز شامل ہیں۔ 
آئرلینڈ کی قیادت اینڈریو بالبرنی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں پال سٹرلنگ، کیوین اوبرائن، گیرتھ ڈیلانی، کرٹیس کیمفر، ہیری ٹیکٹر، نیل روک، سیمی سنگھ، مارک اڈائر، کریگ ینگ اور جوشوا لٹل شامل ہیں۔ 

Daily NaibaatDaily Naibaat newspaperICCIrelandNamibiaT20 World CupTarget