ابوظہبی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے ساتویں میچ میں نیدرلینڈز نے میکس اوڈاؤڈ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت نمیبیا کو جیت کیلئے 165 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ میکس اوڈاؤڈ 56 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کیساتھ 70 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کولن ایکرمین 35 اور سکاٹ ایڈورڈ 21 رنز بنا سکے۔
نمیبیا کی جانب سے جین فرائی لنک سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 36 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ویزے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کیلئے نیدرلینڈز کی قیادت پیٹر سیلار کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میکس اوڈاؤڈ، سٹیفن مائی برغ، باس ڈی لیڈے، بین کوپر، کولن ایکرمین، ریان ٹین ڈوشاٹے، سکاٹ ایڈورڈ، روئلوف وینڈرمروی، لوگان وین بیک، فریڈ کلاسن اور برینڈن ٹم وینڈر گوگٹن شامل ہیں۔
نمیبین سکواڈ کی قیادت گرہارڈ ایراسموس کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں سٹیفن بارڈ، زین گرین، کریگ ولیمز، ڈیوڈ ویزے، جے جے سمٹ، مائیکل وین لنگن، جین فرائی لنک، جین نکول لوفٹی ایٹن، روبین ٹرمپل مین اور برنارڈ شولٹزشامل ہیں۔