اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اندرون ملک پروازیں اچانک منسوخ کرکے بین الاقوامی پروازیں چلانے کے معاملے پر پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) سمیت چار ائیرلائنز کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ اندرون ملک پروازوں کی منسوخی سے متعلق مسافروں کی شکایات موصول ہوئی تھیں جن پر پی آئی اے سمیت چار نجی ائیرلائنز کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔
سول ایوی ایشن کے مطابق یکم اکتوبر سے 18 اکتوبر تک مجموعی طور 383 ڈومیسٹک پروازیں منسوخ کی گئیں، قومی ائیرلائن نے 417 میں 130 شیڈول ڈومیسٹک پروازیں منسوخ کیں اور ائیرلائنز کی جانب سے آپریشنل وجوہات اور دیگر بہانے بنا کر طیاروں کو بین الاقوامی پروازوں کیلئے استعمال کیا گیا۔
سی اے اے حکام کے مطابق ائیرلائنز کو جاری کئے گئے نوٹسز میں شیڈول پروازوں کی منسوخی سے متعلق ضابطہ اخلاق واضح کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انٹرنیشنل چارٹرڈ پروازوں کی اجازت مانگنے سے قبل ائیرلائن آپریٹرز حلف نامہ پیش کریں گے اور تکنیکی وجوہات پرڈومیسٹک پروازوں کی منسوخی کی اجازت طلب کی جائے۔