فیس بک کا 10 ہزار افراد کو ملازمت فراہم کرنے کا اعلان

کیلیفورنیا: فیس بک نے اپنے نئے کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’ میٹا ورس‘ کے لیے یورپ سے 10 ہزار افراد کو ملازمت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ 

 

خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیس بک نے گزشتہ دنوں ورچوئل ریئلیٹی اور آگمینٹڈ ریئلٹی کے اشتراک سے انٹرنیٹ صارفین کو باہمی طور پر غیر مرئی طور پر مربوط کرنے والا جدید کمپیوٹنگ پلیٹ فارمز ’ میٹا ورس‘ متعارف کرایا تھا جو ایک ایسی آن لائن دنیا ہے جہاں لوگ ورچوئل ماحول میں وی آر(ورچوئیل ریئلٹی)  ہیڈ سیٹ استعمال کرتے ہوئے کھیل، کام اور دوسرے سے کمیونی کیشن کر سکتے ہیں جبکہ یہ نئی بھرتیاں بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہوں گی۔

 

فیس بُک کی جانب سے شائع ہونے والے بلاگ کے مطابق اگلے 5 سالوں میں یورپی یونین سے 10 ہزار افراد کو بھرتی کیا جائے گا اور یہ ہائی اسکلڈ ملازمین ’ میٹاورس‘ کی تشکیل میں مدد کریں گے جس میں لوگوں کو ورچوئل اور آگمینٹڈ ریئلٹی کی مدد سے غیر مرئی طور پر ایک دوسرے سے مربوط کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

 

خیال رہے کہ فیس بک کی اس نئی پراڈکٹ کو پرائیویسی کے تحفظات کا خدشہ ہے۔ اس بارے میں ناقدین کا کہنا ہے کہ میٹا ورس جیسے پلیٹ فارمز سے سوشل میڈیا لوگوں کی آن لائن زندگیوں پر زیادہ سے زیادہ کنٹرول حاصل کر رہا ہے جبکہ فیس بک کی جانب سے میٹاورس کو موبائل انٹرنیٹ کے بعد ٹیکنالوجی کے میدان میں سب سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

EuropeFacebookJobsNaibaatTechnology