قومی سکواڈ ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کیلئے کل دبئی روانہ ہو گا

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے 15 اکتوبر بروز جمعہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ ہو گی جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ 
مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ کی تیاریوں میں مصروف قومی سکواڈ کے کھلاڑیوں نے بھرپور تیاریاں کیں جس دوران وارم اپ ایکسرسائز اور فیلڈنگ ڈرلز کرنے کیساتھ ساتھ سیناریو میچ بھی کھیلے اور اب ورلڈکپ میں شرکت کیلئے یو اے ای روانگی کا وقت قریب آن پہنچا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹ سکواڈ کل صبح 7 بجے مقامی ہوٹل سے ائیرپورٹ روانہ ہو گا اور 11 بجے دبئی کیلئے روانہ ہو جائے گا۔ قومی سکواڈ کو ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے آئی سی سی کے وضع کردہ کورونا پروٹوکولز سے متعلق لیکچر بھی دیا جا چکا ہے۔ 
دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ ہی نہیں بلکہ ٹرافی بھی جیتنا چاہتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ مختصر فارمیٹ کے اس میگاایونٹ میں جو ٹیم بھی دباﺅ میں اچھا کھیلے گی، جیت اسی کا مقدر بنے گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ قومی سکواڈ میں شامل ہونے والے تمام کھلاڑی کارکردگی کی بنیاد پر ہی منتخب ہوئے ہیں، یہ درست ہے کہ محمد رضوان اور مجھ پر زیادہ ذمہ داری ہے مگر میں ٹیم میں شامل جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلوں گا جبکہ سینئر کھلاڑیوں کے تجربے سے ٹیم کو بہت فائدہ ہو گا۔ 
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ قومی سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی میچ ونر ہیں، محمد حفیظ اور شعیب ملک سینئر کھلاڑی ہیں اور انہیں کرکٹ کا وسیع تجربہ ہے، دونوں کھلاڑی کسی بھی میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ہم ہر میچ کھیلنے کیلئے منصوبہ بندی کیساتھ میدان میں اترتے ہیں اور اب تک پلان یہی ہے کہ میں اور محمد رضوان اوپننگ کریں گے۔ 

Daily NaibaatDaily Naibaat newspaperDubaiICCnational squadPakistan CricketT20 World CupUAE