پی آئی اے کا لاہور سے پشاور کیلئے پروازوں کے آغاز کا فیصلہ

لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے لاہور سے پشاور کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور جلد ہی پہلی پرواز روانہ ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے مسافروں کی سہولت کیلئے لاہور سے پشاور کیلئے براہ راست پروازوں کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق 15اکتوبر بروز پیر اور جمعہ کو پروازیں پشاور روانہ ہوں گی جس کے بعد ہفتہ وار دو پروازیں لاہور سے پشاور اڑان بھرا کریں گی۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) راشد ملک نے کہا ہے کہ قومی ائیرلائن پاکستان کے بڑے شہروں کو فضائی راستے کے ذریعے منسلک کر رہی ہے اور مسافروں کو بہترین سہولت فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 7 اپریل کو قومی ایئر لائن نے تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور سے سکردو کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کیا تھا، لاہور سے پہلی پرواز ایئر بس 320 کے ساتھ 160 مسافروں کو لے کر سکردو پہنچی تھی۔
یاد رہے کہ 22 اگست کو سی اے اے نے اندرون ملک فضائی سفر کرنے والے مسافروں کیلئے کورونا ویکسی نیشن کی شرط بھی لازمی قرار دی تھی اور اعلان کیا تھا کہ 10 ستمبر 2021ءسے اندرون ملک ویکسین کے بغیر سفر نہیں کیا جا سکے گا۔

Daily NaibaatDaily Naibaat newspaperLahorePakistan International AirlinesPeshawarPIA