انسٹاگرام کا نوجوانوں کے تحفظ کیلئے نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان

سان فرانسسکو: انسٹاگرام نے ایسے نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جن کا مقصد نوجوانوں کو ممکنہ نقصان سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

اس بات کا اعلان فیس بک کے افسر نک کلیگ کی جانب سے کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ویڈیو اور فوٹوز شیئرنگ ایپ پر ‘ ٹیک اے بریک’ نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فیچر نوجوانوں میں کچھ وقت کیلئے سوشل نیٹ ورک کا استعمال روکنے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔

ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام کی جانب سے یہ اقدام سابق اہلکار فرانسس ہوگن کے الزامات سے میڈیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش بھی ہو سکتا ہے۔ صارفین یہ فیچر کب استعمال کر سکیں گے، اس کے بارے میں ابھی کوئی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ اس فیچر سے دنیا بھر کے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کی لت سے چھٹکارا پانے اور دیگر نقصان دہ رویوں سے محفوظ رہنے میں مدد ملے گی۔

فیس بک حکام کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد نوجوانوں کو سوشل میڈیا ایپس میں ایسے مواد سے دور رہنے سے آگاہ کرنا ہے جو ان کیلئے نقصان دہ ہیں۔

خیال رہے کہ فیس بک کی سابق اہلکار فرانسس ہوگن نے دعویٰ کیا تھا کہ کمپنی اس بات سے آگاہ ہے کہ اس ویب سائٹس کا استعمال لوگوں کو نقصان دہ مواد کی جانب لے جاتا ہے۔

FacebookInstagramsocial media